پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کے بیان پر حیرت اور اظہار مایوسی کھیل Roze News
کھیل

پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کے بیان پر حیرت اور اظہار مایوسی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کے بیان پر حیرت اور مایوسی ہوئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کے بیان پر باضابطہ ردعمل ظاہر کر دیا ہے۔

ترجمان پی سی بی نے کہا کہ یہ بیان اے سی سی بورڈ یا پی سی بی سے مشاورت کے بغیر دیا گیا ہے، سوچے سمجھے بغیر دیے گئے اس بیان کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق جے شاہ کا پاکستان سے ایشیا کپ منتقلی کا بیان یکطرفہ ہے، اس کی منتقلی کا بیان آئی سی سی اور اے سی سی کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے، اس بیان سے 2023ء میں بھارت میں طے شدہ ایک روزہ ورلڈ کپ اور 2024ء سے 2031ء تک بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کے میلوں میں پاکستان کی شرکت پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا تھا کہ انہی کی صدارت میں منعقدہ اے سی سی اجلاس میں ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد کی گئی تھی، جبکہ تاحال اے سی سی کے صدر کے بیان پر اے سی سی سے کوئی باضابطہ وضاحت موصول نہیں ہوئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ انھوں نے اے سی سی سے اس اہم اور حساس معاملے پر ہنگامی اجلاس بلانے کا کہا ہے۔

Exit mobile version