لاہور: مہنگائی پہلے ہی بے قابو، رہی سہی کسر ٹماٹروں نے پوری کر دی، فی کلو ٹماٹر 500 روپے تک بکنے لگا۔صوبائی دارالحکومت لاہور کی منڈیوں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، فی کلو ٹماٹر کی قیمت 500 روپے تک پہنچ چکی ہے، جس نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
شہر کی مختلف منڈیوں میں ٹماٹر کی سپلائی تقریباً 50 فیصد متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی برقرار ہے۔
راولپنڈی میں بھی ٹماٹر کی اڑان جاری ہے، سرکاری ریٹ سے بھی دو گنا زائد پر فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے، راولپنڈی میں ٹماٹر کی سرکاری قیمت 130 روپے سے 175 روپے فی کلو گرام تک مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں ٹماٹر 450 روپے فی کلو گرام تک فروخت ہو رہا ہے۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر سستا ملے گا تو ہی سستا بیچیں گے، منڈی سے ہی ٹماٹر مہنگا ملتا ہے سرکاری ریٹ پر کیسے بیچیں۔
اس کے علاوہ پشاور میں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے، جہاں سرکاری نرخ نامے میں ٹماٹر کی قیمت 330 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، وہیں مارکیٹ میں یہ قیمت 400 سے 450 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
ادھر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی ٹماٹر کے ریٹ آسمان کو چھونے لگے، 50 سے 80 روپے تک بکنے والے ٹماٹر کی قیمت 350 روپے تک پہنچ گئی، شہر کے مختلف علاقوں میں ٹماٹر 250 روپے 350 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے پہلے ہی کمر توڑ رکھی ہے، اور اب ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے۔