اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ٹیکس اہداف کی وصولی یقینی بنانے اور ٹیکس نہ دینے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کردی۔ملک میں تمباکو کی غیر قانونی سمگلنگ اور ٹیکس چوری کے رجحان کو ختم کرنے کے لئے وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔جس میں وزیر خزانہ محمد اسحق ڈار،وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان،وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ،چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سگریٹ کے بیشتر کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا گیا ہے جس کے نتیجے میں تمباکو کے شعبے میں ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کہ جولائی سے دسمبر تک تمباکو کے سیکٹر سے83.5ارب روپے ٹیکس وصول ہوچکے ہیں جو کہ گزشتہ سال اسی دوران اکٹھے کیے گئے ٹیکس سے26فیصد زیادہ ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر ایک جامع حکمت عملی سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنائے تاکہ سگریٹ اور تمباکو کے سیکٹر میں ٹیکس چوری کا مکمل خاتمہ ہوسکے۔

Leave feedback about this