وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے پر پہنچ گئے۔ابوظہبی پہنچنے پر نائب صدر، نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زید النہیان نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ یو اے ای میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمزی، پاکستان میں اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی اور سینئر پاکستانی اور اماراتی حکام نے بھی استقبالیہ میں شرکت کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم وزرا کا وفد بھی ہے۔ منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے۔وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید سے ملاقات متوقع ہے۔دونوں رہنما تجارت اور سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم دیگر اماراتی شخصیات اور مالیاتی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔