مونس الٰہی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا سے پتا چل رہاہے کہ میرے خلاف ایک نئی ایف آئی آر کاٹی گئی ہے ،کہا جارہاہے کہ میں نے سوا 5 کروڑ کی منی لانڈرنگ کی ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے نیب نے میرے اثاثوں کی چھان بین کی اور عدالت میں کہا کہ سارے اثاثے جائزہ ہیں ، پھر انہیں اثاثوں پر ایف آئی اے نے پرچہ کیا جوہائی کورٹ سے خارج ہوگیا۔مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ میرے سارے اثاثے ڈکلیئرڈ اور ٹیکس شدہ ہیں ، اثاثوں کی تفصیل ہر سال ایف بی آر اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائی جاتی ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سوا 5 کروڑ کا جوالزام لگایا جارہاہے اس کی وضاحت میں نے کچھ دن پہلے بھی دی تھی ، یہ رقم ڈکلیئرڈ ہے ، میرے بینک اکاﺅنٹ میں جمع ہوئی اور میری ملکیت ہے ۔