یونان: لاریسا کے قریب خوفناک ٹرین حادثے میں 26 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔یونان کے شہر لاریسا کے قریب مخالف سمت سے آنے والے مسافر اور کارگو ٹرینیں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔فائر بریگیڈ نے بتایا کہ یونان کے شہر لاریسا کے قریب دو ٹرینوں کے آپس میں ٹکرانے سے کم از کم 26 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثہ میں زخمی ہونے والے 25 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔تھیسالی کے گورنر کونسٹنٹینوس اگوراسٹوس نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ایتھنز سے شمالی شہر تھیسالونیکی جانے والی ایک مسافر ٹرین اور تھیسالونیکی سے لاریسا جانے والی کارگو ٹرین وسطی یونانی شہر کے قریب آپس میں ٹکرائیں، انہوں نے کہا کہ تصادم بہت زوردار تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جب کہ 2 مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ اگوراسٹوس نے کہا کہ تقریباً 250 مسافروں کو بسوں میں تھیسالونیکی تک بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ ایتھنز سے تقریباً 380 کلومیٹر شمال میں تصادم کے بعد متعدد بوگیاں پٹری سے اتریں اور کم از کم 3 میں آگ لگی۔