امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدنت پٹیل نے نیوز بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی سیکیورٹی سے مطمئن ہیں۔
امریکی وزراتِ خارجہ کے نائب ترجمان ویدنت پٹیل کا کہنا ہے کہ امریکہ ہمیشہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو اپنے مفادات کے لیے اہم سمجھتا ہے، امریکہ پاکستان کے ساتھ طویل مدتی تعاون کی قدر کرتا ہے۔
نائب ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان عالمی برادری سے اپنے معاہدے پورے کر رہا ہے، اور یہ کہ پاکستان اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر جو بائیڈن کا ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے روس اور چین کے ساتھ پاکستان کو بھی لپیٹ میں لیتے ہوئے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کو غیر منظم قرار دیا تھا۔
اس بے بنیاد بیان کے ردعمل میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے جوہری اثاثے بالکل محفوط اور عالمی قوانین کے عین مطابق ہیں، ہمارے جوہری اثاثے اپنے ملک کی سالمیت کے لیے ہیں، نہ کہ کسی ملک کے خلاف جارحیت کے لیے ہیں۔