بھارتی ریاست راجستھان میں یشپال سنگھ نامی 26 سالہ لڑکے نے 56 ریزر بلیڈ نگل لیے۔تفصیلات کے مطابق راجستھان کے ضلع جالور کے رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے اکاؤنٹنٹ یشپال سنگھ نے 56 بلیڈز نگل لیے۔ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا یشپال کو زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا۔رپورٹس کے مطابق یشپال نے خون کی الٹیاں کی تھیں اور پیٹ میں درد کی شکایت کی۔ یشپال سنگھ کو جب سونوگرافی کے لیے بھیجا گیا تو اس کے جسم کے اندر بلیڈز ظاہر ہوئے۔ ڈاکٹروں نے اینڈو سکوپی بھی کرائی اور فوری طور پر سرجری کرنے کا فیصلہ کیا۔سرجنز کی ٹیم کی قیادت کرنے والے ڈاکٹر نرسی رام دیواسی نے بتایا کہ یشپال سنگھ کی گردن پر شدید کٹ کے نشانات تھے اور پورے جسم پر سوجن تھی۔ اس کے علاوہ جسم کے اندر کئی جگہوں پر کٹ تھے۔7 ڈاکٹروں کی ٹیم نے 3 گھنٹے پر مشتمل سرجری کرکے پیٹ سے تمام بلیڈز نکال لیے۔ڈاکٹر نرسی رام کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ یشپال نے بلیڈز تقسیم کر کے پلاسٹک کور کے ساتھ تین پیکٹ نگلے تھے۔ بلیڈز کے گرد پلاسٹک کا غلاف اس کے معدے تک پہنچنے پر تحلیل ہو گیا جبکہ بلیڈز کی تیز دھاروں سے شدید اندرونی زخم آئے اور خون بہا۔