مودی کی میک ان انڈیا مہم کو بڑا دھچکا،فورڈ کی بھارت سے واپسی

کار بنانے والی امریکی ملٹی نیشنل کمپنی فورڈ نے مالی خسارے کی وجہ سے بھارت میں کار تیار کرنے کے اپنے کارخانوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان بھارتی وزیر اعظم مودی کےمیک ان انڈیا‘مہم کے لیے ایک اور زبردست دھچکا ہے۔

فورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ 10برس کے دوران اسے دو ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان اٹھانا پڑا ہے جبکہ سن 2019 میں اس کے80 کروڑ ڈالر کے اثاثے بے کار ہوگئے۔

فورڈ کے بھارت میں صدر اور منیجنگ ڈائریکٹر انوراگ مہروترانے ایک بیان میں کہا،”ہم طویل مدتی منافع حاصل کرنے کے لیے ایک پائیدار راستہ تلاش کرنے میں ناکام ہوگئے۔”

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کمپنی کو امید ہے کہ اس کی تنظیم نو پر لگ بھگ دو ارب ڈالر کا خرچہ آئے گا۔ اس میں سے 60 کروڑ ڈالر تو اسی سال یعنی سن 2021 میں ہی خرچ ہوجائیں گے جبکہ اگلے برس 1.2 ارب ڈالر کا خرچ ہوگا۔ بقیہ اخراجات آنے والے برسوں میں ہوں گے۔