کیا یہ پہلی کا چاند ہے؟ عوام خود فیصلہ کرلیں، وفاقی وزیر فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نے ٹویٹر پر ایک تصویر شئیر کرتے ہوئے سوال پوچھا ہے کہ کیا یہ پہلی کا چاند ہے؟ کیا سورج کے غروب ہونے کے بعد اتنی دیر چاند سر آسمان رہتا ہے؟ عوام خود فیصلہ کرلیں۔

فواد چودھری کی اس ٹویٹ کے بعد صارفین نے دلچسپ تبصرے شروع کر دئیے ایک صارف نے لکھا کہ عید مفی صاحب کے حکم سے ہوتی تھی اور آئندہ بھی ہوتی رہے گی۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ فواد چوھدری سے ہمیں بھی بہت سارے اختلاف ہیں لیکن یہ چاند للکار کر کہہ رہا ہے، میں کل کا طلوع ہوا ہوں۔ جبکہ دوسرے صارف نے مزیدار تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ رویت ہلال کمیٹی کا موقف ہے کہ عام آنکھ سے چاند دیکھ کر فیصلہ کرنا لازمی ہوتا ہے۔ اگر ایسا ہے جو کہ یقیناً ایسا ہی ہے تو پھر رویت ہلال کمیٹی ارکان دوربین اور چشمہ کیوں استعمال کرتے ہیں؟

فواد چودھری اور رویت ہلال کمیٹی کا تنازع ختم ہونا چاہیے، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

ادھر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے وفاقی وزیر فواد چودھری اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ رویت کے بغیر چاند کا اعلان نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل نے اہم تجاویز دے دی ہیں۔ ٹیکنالوجی کے استعمال اور رویت ہلال کمیٹی دونوں کے لے کر آگے بڑھا جائے۔ انہوں نے نے رویت کے معاملے پر پاکستان کو ہمسایہ ممالک کے نقش قدم پر چلنے کی تجویز دی۔

بادل ہیں تو چاند کہاں سے نظر آئے گا؟ وفاقی وزیر فواد چودھری

گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سائنسی لحاظ سے چاند نظر آ چکا ہے، بادل ہیں تو چاند کہاں سے نظر آئے گا؟

دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کہتے ہیں بادلوں کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا، بادل ہیں تو چاند کہاں سے نظر آئے گا؟ بادلوں پر بحث کریں گے تو پھر آپ کی مرضی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی حلال ہے یا حرام علمائے کرام پہلے یہ طے کر لیں، نماز گھڑی دیکھ کر ہو سکتی ہے تو چاند ٹیکنالوجی سے کیوں نہیں دِکھ سکتا؟

فواد چودھری کا بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ سائنسی لحاظ سے چاند نظر آ چکا ہے، رویت ایپ پر دیکھیں چاند نظر آئے گا۔

ملک بھر میں چاند نظر نہیں آیا، عید الاضحیٰ یکم اگست کو ہو گی

یاد رہے کہ اس سے قبل فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کراچی سمیت دیگر علاقوں میں ذوالحج کا چاند آج نظر آ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ذوالحج 1441 ہجری کے چاند کی پیدائش ہو چکی ہے، چاند کی پیدائش رات 10 بج کر 33 منٹ پر ہوئی، بادل ہونے کی صورت میں رویت ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ ملک بھر میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، عید الاضحیٰ یکم اگست کو منائی جائے گی۔