کراچی کنگز کی فتح پر ڈین جونز کی اہلیہ کا بیان بھی سامنے آگیا

Cسڈنی: کراچی کنگز کے آنجہانی ہیڈ کوچ ڈین جونز کی اہلیہ نے کراچی کنگز کے پی ایس ایل جیتنے کے بعد پیغام جاری کردیا۔ پاکستان سپرلیگ 5 کی چیمپئن بننے والی کراچی کنگز کیلئے ڈین جونز کی اہلیہ جین جونز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام جاری کیا ۔ انہوں نے کراچی کنگز کو جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’’ڈینو اگر آج ہوتے تو وہ لڑکوں کی محنت دیکھ کر خوش ہوتے کیونکہ انہوں نے بہت مشکل حالات میں بہت سخت محنت کی‘۔

آنجہانی کرکٹر کی اہلیہ نے محبتوں اور حمایت کرنے پر کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال، کوچ وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم اور کپتان کراچی کنگز عماد وسیم سمیت پوری پاکستانی قوم کا خصوصی شکریہ بھی کیا۔واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کرکٹرز اور کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز 24 ستمبر کو 59 سال کی عمر ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔

وہ 24مارچ 1961ء میں میلبورن میں پیدا ہوئے ،ڈین جونز 1987ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے اہم رکن تھے، ڈین جونز نے اپنے کرکٹ کیریئر میں 52 ٹیسٹ اور164 ون ڈے میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ 30 جنوری 1984ء میں پاکستان کیخلاف ایک روزہ میچوں میں ڈیبیو کرنیوالے ڈین جونز نے 6 اپریل 1994ء میں اپنا آخری میچ جنوبی افریقا کیخلاف کھیلا۔ واضح رہے کہ کراچی کنگز نے پلے آف میں ملنے والی فتح کو ڈین جونز کے نام کیا تھا۔