ریکارڈ یافتہ فنکار سلطان محمد خان کی کم عمر لڑکی سے شادی پر تنازع

معروف ریکارڈ یافتہ پاکستانی کرتب باز سلطان محمد خان المعروف گولڈن خان کی جانب سے مبینہ طور پر نابالغ لڑکی سے شادی کیے جانے کے معاملے نے نیا تنازع اختیار کرلیا۔

روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق سلطان محمد خان نے رواں برس جولائی میں چترال کے ایک دیہات کی لڑکی سے شادی کی تھی، جس کے چند ہفتے بعد ہی مقامی فلاحی تنظیم نے دعویٰ کیا تھا کہ اسٹنٹ مین نے نابالغ لڑکی سے شادی کی ہے۔

فلاحی تنظیم کی جانب سے معاملے پر آواز اٹھائے جانے کے بعد ضلع چترال کی اعلیٰ انتظامیہ نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ معاملے کی تفتیش کی جائے اور ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا تھا کہ لڑکی کی عمر چھپاکر جعلی شناختی کارڈ حاصل کیا گیا۔

ڈان کو دستیاب ہونے والے دستاویزات سے پتا چلتا ہے کہ لڑکی سمرین سحر کے والد نے بیٹی کے اسکول سرٹفیکیٹ اور ویکسی نیشن کے دستاویزات کو خفیہ رکھ کر یونین کونسل (یو سی) سے نیا پیدائشی سرٹیفکیٹ حاصل کرکے شناختی کارڈ بنوایا۔