ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے قومی اسکواڈ میں تبدیلی، قسمت کس پر مہربان ہوگی؟

پندرہ رکنی قومی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ کون ہوگا؟ جو کھلاڑی سلیکٹ ہیں وہ کھیلیں گے یا نہیں، اور جن کھلاڑیوں کو مسترد کیا گیا وہ سلیکٹ ہوں گے یا نہیں؟  اس حوالے سے نئے دعوے سامنے آگئے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ  ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز سے17 روز پہلے منتخب اسکواڈ میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ  ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل  اعظم خان،  محمد حسنین اور صہیب مقصود کے ستارے گردش میں ہیں جس کے پیش نظر ان کھلاڑیوں کے قومی اسکواڈ سے آؤٹ ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب دعویٰ کیا جارہا ہے  کہ  شعیب ملک، فخرزمان اور شاہ نواز دھانی پر قسمت کی دیوی مہربان ہے لہٰذا ان کھلاڑیوں کی قومی اسکواڈ میں انٹری متوقع ہے۔

 کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی تبدیلیوں کی بڑی وجہ

 قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی تبدیلیوں کی بڑی وجہ ہے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نےگزشتہ روز ورلڈ کپ اسکواڈ میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں سے ملاقات میں انہیں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کُھل کر کھیلنے کا مشورہ دیا تھا، چیف سلیکٹر نے اس حوالے سے کپتان بابر اعظم اور سلیکٹرز سے بھی مشاورت کی تھی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا آغاز 17 اکتوبر سے یو اے ای میں ہوگا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز ختم ہونے پر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کو بورڈ نے ورلڈ کپ تیاریوں کا حصہ قرار دیا تھا، اسی وجہ سے پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کے کھلاڑیوں کی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کو یقینی بنایا ہے۔

تاہم اسکواڈ میں منتخب ہونے والے بعض کھلاڑی قومی ٹی ٹوئنٹی میں پرفارم نہیں کر پارہے جس کے بعد اسکواڈ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔