آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا بدلہ چکا دیا، ویسٹ انڈیز آؤٹ کلاس

بارباڈوس: آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کی شکست کا بدلہ لے لیا، ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں آؤٹ کلاس کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کنگسٹن کے اوول بارباڈوس میدان میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جوکہ سود مند ثابت نہ ہوسکا۔

آسٹریلیا کا فاسٹ بولنگ اٹیک ویسٹ انڈیز پر قہر بن کر ٹوٹا، ایون لیوس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کینگروز کی بولنگ کے سامنے نہ ٹہر سکے اور وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے، ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی، لیوس 55 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3، جوش ہیزل ووڈ اور آدم زمپا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرتے ہوئے ون ڈے سیریزاپنے نام کی، میتھو ویڈ نے 51 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں فتح دلائی، ایلکس کیرے نے بھی 35 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، اسٹارک سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔