قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان کے لیے بڑا برطانوی اعزاز

کراچی: پاکستان ٹیم کے بلے باز اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو وزڈن نے سال کے 5 بہترین کھلاڑیوں میں شامل کر لیا۔

محمد رضوان کو پچھلے سال انگلینڈ میں شان دار کارکردگی پر وزڈن فائیو 2021 میں شامل کیا گیا ہے، محمد رضوان کو یہ اعزاز وکٹوں کے پیچھے اور بیٹنگ میں کارکردگی دکھانے پر دیا گیا، انھوں نے 3 ٹیسٹ میچز میں 161 رنز بنائے اور 5 کیچز پکڑے تھے۔

1952 سے لے کر اب تک 18 پاکستانی کھلاڑیوں کو یہ اعزاز ملا ہے، 2017 میں مصباح الحق اور یونس خان یہ اعزاز حاصل کرنے والے آخری پاکستانی کھلاڑی تھے۔

محمد رضوان کے علاوہ دیگر 4 بہترین کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے جیک کرالی، ڈان سبلی، ڈیرن اسٹیون شامل ہیں، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر بھی سال کے بہترین 5 کھلاڑیوں میں شامل کیے گئے ہیں۔

سال کے لیڈنگ کرکٹر کا اعزاز انگلینڈ کے بین اسٹوکس کو دیاگیا ہے، جب کہ سال کے بہترین ٹی 20 کرکٹر ویسٹ انڈیز کے کائرون پولارڈ قرار پائے، اور سال کی بہترین خاتون کرکٹر کا اعزاز آسٹریلیا کی بیتھ مونی کو ملا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین میں کھیلے گئے ٹی ٹوینٹی سیریز کے تیسرے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان محمد رضوان نے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ‏میں سب سے بڑی شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

بابر اعظم نے 4 چھکوں اور ‏‏15 چوکوں کی مدد سے 122 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جب کہ ان کا ساتھ دیتے ہوئے محمد رضوان 73 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس میچ میں پاکستان نے اپنی ٹی ٹوینٹی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کیا۔