بابر اعظم ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کے نمبر ون بلے باز بن گئے

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کے نمبر ون بیٹسمین بن گئے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق بابر اعظم 865 ہوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہیں ان کے بعد ورات کوہلی کے 857 پوائنٹس ہیں۔

بابراعظم یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین ہیں، ان کے نمبر ون پر آجانے سے بھارتی بیٹسمین وراٹ کوہلی دوسرے نمبر پر چلے گئے۔

بابراعظم نے حالیہ دورے کے دوران جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں مجموعی طور پر 228 رنز بنائے تھے۔

اس سے قبل ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بیٹسمین رہ چکے ہیں۔

بابراعظم کا ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرا اور ٹیسٹ کرکٹ بلےبازوں کی رینکنگ میں چھٹا نمبر ہے۔

اوپنر فخر زمان بھی ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل ہوگئے اور انہوں نے آئی سی سی رینکنگ میں ساتواں نمبر حاصل کرلیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا باؤلرز کی عالمی رینکنگ میں 11واں نمبر ہے۔