پہلا ون ڈے: پاکستان کا ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ

سنچورین: انتظار کی گھڑیاں ختم، پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج سنچورین ‏کے سپر اسپورٹس پارک میں کھیلا جارہا ہے، جہاں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

پروٹیز کے خلاف پہلے ون ڈے کی فائنل الیون میں کپتان بابراعظم ، فخر زمان ، امام الحق ، آصف علی اور محمد رضوان ، شاداب خان ، فہیم اشرف، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف شامل ہیں، اس کے علاوہ دانش عزیز کو ڈیبیو کرایا گیا ہے۔

بابر اعظم دورہ افریقا کے موقع پر پہلی بار کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ آج کا دن جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے لیے بھی تاریخی ہوگیا ہے کیونکہ پہلی بار جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت سیاہ فام کپتان ٹیمبا باووما کررہے ہیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ میں سیاہ فام تماشائیوں کو پنجروں میں بند کرکے کرکٹ میچ دکھایا جاتا تھا، نیلسن منڈیلا نے جنوبی افریقہ کی تاریخ بدلی، نسلی تعصب کی وجہ سے جنوبی افریقی ٹیم پر پابندی لگ چکی ہے، جنوبی افریقہ 1970 سے 1991 تک انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر رہا۔

دورہ جنوبی افریقا میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو قومی کرکٹ ٹیم کی پروٹیز کے دیس میں یہ چھٹی سیریز ہے، تاہم گرین شرٹس اب تک ایک سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی اور چار سیریز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک سیریز برابر رہی تھی۔قومی کرکٹ ٹیم نے سال دوہزار تیرہ میں پہلی بار پروٹیز کے ہوم گراؤنڈ میں ایک روزہ سیریز اپنے نام کی تھی۔

اس کے علاوہ ایک روزہ میچز میں دونوں ٹیمیں اناسی بار آمنے سامنے آئیں، جن میں سے 28 میچز گرین شرٹس کے نام رہے جبکہ 50 میچز میں پروٹیز نے کامیابی حاصل کی۔

پروٹیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی بعد ازاں قومی ٹیم دورہ زمبابوے کے لئے روانہ ہوگی۔