وسیم خان کی مدت ملازمت میں توسیع احسان مانی کے مستقبل سے مشروط

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے عہدے میں ایک سال کی توسیع کے خواہشمند چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی درخواست اس وقت تک روک دی ہے جب تک بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیر اعظم عمران خان پی سی بی چیئرمین احسان مانی کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ نہیں لے لیتے کہ اس سال ستمبر میں ان کی 3 سال مدت میں توسیع کی جائے گی یا نہیں۔

وسیم خان کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے مطابق پی سی بی فروری 2022 میں ان کے معاہدے کی مدت ختم ہونے سے قبل ملازمت میں ایک سال کی توسیع کرس کتا ہے، پی سی بی نے فروری 2021 میں ان کی توسیع کے بارے میں فیصلہ کرنا تھا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔

گزشتہ ماہ کراچی میں ہونے والے پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں وسیم خان کی ایک سال کی توسیع کی درخواست پر تبادلہ خیال کیا گیا، لیکن پی سی بی نے اجلاس کے بعد اس بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا۔