انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان نے بابر اعظم کا ریکارڈ توڑ دیا

انگلش ٹیم کے بلے باز ڈیوڈ ملان نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا تیز ترین 1000 ٹی ٹوئنٹی رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ڈیوڈ ملان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین 1000 رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ملان نے 24 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا جبکہ پاکستان کے بابر اعظم نے 26 اننگز میں 1000 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنائے تھے۔

انگلش بلے باز نے یہ سنگ میل بھارت کے خلاف پانچویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں عبور کیا، انہوں نے بھارت کے خلاف میچ میں 46 گیندوں پر 68 رنز اسکور کیے تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کروا سکے اور میزبان ٹیم نے سیریز 3-2 سے اپنے نام کر لی۔