پروٹیز سے ٹی 20 سیریز میں پاکستان فیورٹ قرار

کراچی: عبدالرزاق نے پروٹیز کیخلاف ٹی 20سیریز میں پاکستان کو فیورٹ قرار دیدیا۔ عبدالرزاق نے کہاکہ جنوبی افریقہ سے ہوم سیریز کیلیے کھلاڑیوں کو میرٹ پر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا، ہوم کنڈیشنز کا فائدہ بھی حاصل ہونے کی وجہ سے پاکستان فیورٹ ہے، میں پْرامید ہوں کہ ٹیسٹ کے بعد میزبان ٹیم مختصر فارمیٹ کی سیریز میں بھی سرخرو ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ محمد حفیظ اچھی فارم میں ہیں مگر ان کی ترجیح ٹی 10لیگ میں شرکت تھی، ان کو پروٹیز کیخلاف سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے تھا، حفیظ جس مقام پر ہیں ان کو ٹی 10لیگ پر پاکستان کو ترجیح دینا چاہیے تھی۔ایک سوال پرسابق آل راؤنڈر نے کہا کہ حسن علی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے بے تاب تھے، بالآخر ان کو سخت محنت کا صلہ مل گیا،پیسر کی غیر معمولی کارکردگی کی بدولت پاکستان ٹیم نے پروٹیز کیخلاف کلین سوئپ کا مشن مکمل کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان ’’ پروٹیز بچوں‘‘ کو سبق سکھانے کیلیے تیار

انھوں نے کہا کہ محمد عامر ایک انتہائی باصلاحیت بولر ہیں،ان میں وسیم اکرم کی جھلک نظر آتی تھی،اگر وہ تسلسل کے ساتھ کھیلتے اور پرفارم کرتے تو پاکستان کرکٹ کیلیے بہتر ہوتا،پیسر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہ صرف ان کے بلکہ ملک کا بھی نقصان ہے،ٹیسٹ کرکٹ پر ٹی 20کو ترجیح دینے والے کبھی عظیم کرکٹر نہیں بن سکتے۔