ربادا تیز ترین 200 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے تیسرے فاسٹ بولر بن گئے

جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر کگیسو ربادا ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں مکمل کرنے والے تیسرے فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 200 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز پاکستان کے یاسر شاہ کے پاس ہے جہوں نے 33 ٹیسٹ میچوں میں 200 وکٹیں حاصل کیں۔

فاسٹ بولرز میں تیز ترین 200 وکٹیں پاکستان کے وقار یونس نے حاصل کیں، انہوں نے یہ کارنامہ 7730 گیندوں میں انجام دیا۔

جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹیں نے یہ کارنامہ 7848 گیندوں میں انجام دیا جبکہ ربادا نے یہ کارنامہ اپنے 44 ویں ٹیسٹ میں 8154 گیندوں پر حسن علی کو بولڈ کر کے انجام دیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی ربادا کے 200 ویں ٹیسٹ وکٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی۔

اگر اسٹرائیک ریٹ کی بات کی جائے تو ربادا کا اسٹرائیک ریٹ ٹیسٹ کرکٹ میں 200 وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز میں سب سے بہتر ہے، یعنی ربادا نے 40.8کے اسٹرائیک ریٹ سے وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسرا نمبر ڈیل اسٹیں کا ہے جن کا اسٹرائیک ریٹ 42.3 ہے۔

کگیسو ربادا ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک 9 مرتبہ ایک اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں جبکہ 4 مرتبہ ایک میچ میں 10 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔