دورہ جنوبی افریقا میں کپتان بسمہ معروف کی کمی محسوس ہوگی: عالیہ ریاض

پاکستان ویمن کرکٹ ٹین کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ دورہ جنوبی افریقا میں کپتان بسمہ معروف کی کمی محسوس ہوگی۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم 11 جنوری کو جنوبی افریقا روانہ ہو رہی ہے جہاں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔کپتان بسمہ معروف فیملی وجوہات کی بنیاد پر دورے سے دستبردار ہو چکی ہیں اور ان کی عدم موجودگی میں جویریہ خان ٹیم کی قیادت کر رہی ہیں۔عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا میں کپتان بسمہ معروف کی کمی محسوس ہوگی لیکن بسمہ کی غیر موجودگی میں نئی لڑکیوں کے لیے خود کو منوانے کا اچھا موقع ہے۔

عالیہ ریاض کو حال ہی میں پی سی بی ویمن کرکٹر ایوارڈ 2020ملا جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ پہلی بار پی سی بی ایوارڈ ملنے پر بہت خوشی ہوئی ہے ،پی سی بی نے میری محنت اور پرفارمنس کا اعتراف کیا، کوشش ہو گی کہ توقعات پر پورا اتروں اور مستقبل کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھوں۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کووڈ 19 کی وجہ سے انٹرنیشنل سرگرمیاں 11 ماہ سے تعطل کا شکار ہیں اس حوالے سے ان کا کہنا تھاکہکافی عرصے بعد دوبارہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں، گزشتہ دورہ جنوبی افریقا کے مقابلے میں اچھے نتائج لانے کی کوشش کریں گے۔عالیہ ریاض بائیو سکیور ببل میں رہنے کو آسان قرار نہیں دیتیں اور ان کا ماننا ہے کہ بائیو سکیور ماحول میں رہنا مشکل ہے لیکن کرکٹ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، کھیل کی سرگرمیاں جاری رہنی چاہئیں، جنوبی افریقا میں کووڈ19 کی وجہ سے پریشانی نہیں ہے۔