پی سی بی ایمر جنگ کرکٹر آف دی ایئر(مینز) کس کے نام رہا؟

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی امپائر آف دی ایئر، ویمن ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر اور مینزایمرجنگ کرکٹرآف دی ایئر کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔معزز اور کرکٹ کی ممتاز شخصیات پر مشتمل آزاد جیوری نے بارہ مختلف کٹیگریز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کیا، ان بارہ میں سے دس کٹیگریزکھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی سے متعلق تھیں، اس دوران جیوری نے کھلاڑیوں کی کارکردگی، حریف ٹیم، اسکی پرفارمنس سے میچ پر مرتب اثرات سمیت کئی پہلوؤں کو پیش نظر رکھا۔

امپائر آف دی ایئر کے کٹیگریز میں احسن رضا، آصف یعقوب، غفار کاظمی اور شوزب رضا کو شامل کیا گیا تاہم قرعہ آصف یعقوب پی سی بی امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ کے حقدار بنے۔ویمن ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے لئے عائشہ نسیم ، فاطمہ ثناء، نجیہ علوی اور سیدہ عروب شاہ کے درمیان مقابلہ تھا، ویمن ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ فاطمہ ثنا کے نام رہا۔

اسی طرح مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ روحیل نذیر کے نام رہا، اس کٹیگری میں محمد ہریر، مبصر خان اور قاسم اکرم کو شامل کیا گیا تھا۔پی سی بی کے مطابق یہ تمام ایوارڈز جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کے دوران گراؤنڈ میں دئیے جائیں گے۔