پی سی بی نے میرے اور عبدالرزاق کے ساتھ بھی عامر جیسا سلوک کیا تھا : شاہد آفریدی

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ ماضی میں پی سی بی نے میرے اور عبدالرزاق کے ساتھ بھی وہی کیا جو محمد عامر کے ساتھ رویہ اختیار کیا گیا ہے۔ سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ان کا اپنا ہے، ہر ایک کو ان کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئے تاہم ماضی میں پی سی بی نے بہت سے کرکٹرز کے ساتھ ایسا ہی سلوک کیا تھا ۔

شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ سوچ سمجھ کر ہی لیا ہوگا، اسے اپنے لیے جو بہتر لگا وہ اس نے کیا، اب مداحوں اور سابق کرکٹرز کو عامر کو سپورٹ کرنا چاہیے۔ شاہد آفریدی نے پی سی بی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ میں اور عبدالرزاق بھی کرکٹ بورڈ کی طرف سے اسی طرح کے سلوک کا سامنا کرچکے ہیں، اب پی سی بی کو بھی اپنی رویے میں بہتری لانے کی اشد ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں محمد عامر نے ٹیم مینجمنٹ کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، فاسٹ بائولر نے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بائولنگ کوچ وقار یونس کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ موجودہ مینجمنٹ میرے پیچھے پڑ گئی تھی، مجھ پر بار بار الزام لگایا گیا کہ ٹی ٹونٹی لیگ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑی ، سابق کرکٹرز 2010ء کی سپاٹ فکسنگ کی غلطی کو جواز بنا کر آج بھی مجھ پر تنقید کرتے ہیں۔ محمد عامر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے لیے کھیلنے سے کبھی انکار نہیں کیا، ان کا احسان مانی اور وسیم خان سے کوئی اختلاف نہیں‌ بلکہ ریٹائرمنٹ‌ کی وجہ ٹیم مینجمنٹ کا رویہ ہے۔