مارشل آرٹس فائٹر راشد نسیم کا ایک اور کارنامہ، 63 عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیے

مارشل آرٹس فائٹر راشد نسیم نے ایک اور عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے مجموعی طور پر 63 عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی سالگرہ کے موقع پر راشد نسیم کا بنایا گیا ایک اور ورلڈ ریکارڈ منظور ہوگیا، یہ راشد کا 63 واں انفرادی ریکارڈ تھا جبکہ سال 2020 میں یہ پاکستان کا 19واں مجموعی ریکارڈ تھا۔

انھوں نے 63 واں عالمی ریکارڈ 3 منٹ میں 10 کلو وزن کے ساتھ 131 ککس مار کر بنایا، گنیز انتظامیہ کی شرط کم سے کم 100 ککس مارنا تھی، گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ’ 3 منٹ میں ایک ٹانگ پر 5 کلوگرام وزن پہن کر سب سے زیادہ مارشل آرٹس ککس کا ریکارڈ131 کا ہے اور اسے محمد راشد (پاکستان) نے 18 نومبر 2020ء کو پاکستان کے شہر کراچی میں حاصل کیا‘۔

اس سے قبل یہ ورلڈ ریکارڈ ٹخنوں پر 5 کلو وزنی لباس پہن کر 3 منٹ میں 100 ککس لگانے کا تھا۔ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے حال ہی میں راشد کو پاکستان کے بروس لی کا خطاب دیا گیا تھا۔ تنظیم کی سالگرہ کے موقع پر عالمی ریکارڈ توڑنے کے لیے خصوصی طور پر گینز نے ان سے رابطہ کیا۔ راشد نے اس موقع پر تین ریکارڈ بنائے تھے جن میں سے اب تک 2 ریکارڈز منظور کیے جاچکے ہیں۔

راشد نسیم نے گزشتہ ماہ ایک منٹ میں مکوں کی مدد سے 62 اڑتے ہوئے کلے سپورٹنگ ٹارگٹ توڑ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ راشد نسیم کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے لیے ورلڈ ریکارڈز کی سنچری مکمل کرنے کے خواہاں ہیں۔ راشد نسیم نے کہا کہ عالمی وبا کے باعث حالات مشکل اور 7 ماہ سے ملازمت سے محروم ہوں ، اب ان کے لیے مزید ریکارڈ بنانا مشکل ہو گیا ہے۔