نیا چیف سلیکٹر کون ہوگا؟ پی سی بی نے تلاش شروع کردی

مصباح الحق کی بطور چیف سلیکٹر مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اہم عہدے کے لئے سابق کرکٹرز سے رابطے شروع کردئیے ہیں۔

اسی سلسلے میں پی سی بی نے سابق کپتان راشد لطیف سے رابطہ کیا اور ان سے چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے پر بات چیت کی ، راشد لطیف سرکاری ٹی وی پر ملازمت کی وجہ سےعہدہ نہیں لے رہےتھے۔سابق وکٹ کیپر قومی کرکٹ ٹیم راشد لطیف کیساتھ شعیب اختر بھی چیف سلیکٹر کیلئے مضبوط امیدوار ہیں، راشد لطیف کیساتھ شعیب اختر بھی سرکاری ٹی وی سے وابستہ تھے، تاہم دونوں کرکٹرز کا اب سرکاری ٹی وی سے معاہدہ ختم ہوگیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کی بطور چیف سلیکٹر مدت ملازمت ختم ہوگئی تھی، مصباح الحق اب بطور ہیڈکوچ تنخواہ وصول کیا کریں گے۔یاد رہے کہ 14 اکتوبر کو ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ مجھ پر کوئی دباؤ نہیں تھا ٹیم پر فوکس کرنا چاہتا ہوں اس لیے یہ اقدام اٹھایا۔