ہاکی فیڈریشن کا ڈومیسٹک ہاکی نے سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ڈومیسٹک ہاکی کی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حال ہی میں راولپنڈی میں نیشنل ہاکی چمپئن شپ کا کامیابی سے انعقاد کیا اور اب پی ایچ ایف نے فیصلہ کیا کہ ڈومیسٹک ہاکی کے مزید ایونٹس کا سلسلہ بھی جاری رہے گا تاہم کورونا وائرس کے ایس او پیز کا سختی سے خیال رکھا جائے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کے مطابق نیشنل ہاکی چمپئن شپ کے دوران کووڈ-19 کے حوالے سے کوئی شکایت سامنے نہیں آئی، ایونٹ کا انعقاد شاندار انداز میں ہوا، اب مزید ڈومیسٹک ہاکی کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی اور یقینی بنایا جائے گا کہ کورونا وائرس کے جو ایس اوپیز بنائے گئے ہیں ان پر عمل درآمد کیا جائے۔
آصف باجوہ نے بتایا کہ 28 نومبر سے انڈر 16 ہاکی چمپئن شپ پشاور میں شروع ہورہی ہے جس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس کے بعد ہم چیف آف آرمی اسٹاف کپ اور چیف آف نیول اسٹاف کپ کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ویمن ہاکی چمپئن شپ بھی کھیلی جائے گی جب کہ پاکستان سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے کیمپ لگائے جا رہے ہیں، اس دوران سینئر اور جونیئر ٹیموں کے درمیان سیریز بھی کھیلی جائے گی۔سیکرٹری پی ایچ ایف نے بتایا کہ سینئر ٹیم مارچ میں ایشین ہاکی چمپئن شپ میں حصہ لے گی ، جونیئر ٹیم جولائی میں جونیئر ایشیا کپ میں کھیلے گی اور امید ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال کنٹرول میں رہے گی۔