کامران اکمل بھی لنکا پریمیئر لیگ کھیلنے کے لیے تیار

کراچی : پاکستان کے تجربہ کار کرکٹر کامران اکمل 26 نومبر سے سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں شیڈول لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں شامل ہونے والے تازہ ترین کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 38 سالہ پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل لنکا پریمیئر لیگ میں دمبولا ہاکس کی نمائندگی کریں گے۔ کامران اکمل فرنچائز کی جانب سے باقاعدہ معاہدے کا انتظار کر رہے ہیں جس کے بعد وہ سری لنکا کے لئے اڑان بھرنے سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ سے این او سی کے حصول کے لیے درخواست دیں گے۔

کامران اکمل کے پاس اپنی ٹیم کو جوائن کرنے کے لیے بہت وقت ہے کیوں کہ ان کی ٹیم 28 نومبر کو پہلا ایل پی ایل کھیل کھیلے گی۔ یاد رہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پریمیئر لیگ کا انعقاد 21 نومبر سے ہونا تھا تاہم اب ایونٹ کو مزید 6 دن آگے بڑھا دیا گیا ہے۔لنکا پریمیئر لیگ کے 23 میچوں میں شاہد آفریدی، کرس گیل، فاف ڈوپلیسی اور کارلوس بریتھ ویٹ سمیت دیگر نامور کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

سری لنکا بورڈ نے کہا کہ پریمیئر لیگ 27 نومبر سے شروع ہوگی اور فائنل میچ 17 دسمبر کو ہوگا۔ لیگ کے تمام میچ ہمبن ٹوٹا میں کھیلے جائیں گے۔ تمام میچ خالی سٹیڈیم میں کرائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ اگست 2020ء کو ہونی تھی تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے لیگ کو پہلے 14 نومبر تک ملتوی کیا گیا اور پھر 21 نومبر تک موخر کیا گیا تھا۔ سری لنکا آفیشلز نے کہا کہ صحت کے ادارے نے کھلاڑیوں کے لئے سات دن اور سپورٹ سٹاف کے لئے 14 دن قرنطینہ پر زور دیا ہے۔