لاہورکو12سال بعد ٹیسٹ کی میزبانی ملے گی

لاہور: لاہور کو 12 سال بعد پہلے ٹیسٹ کی میزبانی ملنے کا امکان روشن ہوگیا، مجوزہ شیڈول کے مطابق مہمان جنوبی افریقی ٹیم کیخلاف سیریز میں طویل فارمیٹ کا دوسرا میچ قذافی اسٹیڈیم میں کرایا جائے گا۔مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے نے ملکی میدان ویران کر دیے تھے،انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا عمل بتدریج آگے بڑھ رہا ہے،

بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں کراچی اور راولپنڈی میں ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہیں، دوسری جانب لاہور کو پی ایس ایل سمیت محدود اوورزکے مقابلوں کی میزبانی کا موقع ملا، البتہ گذشتہ 12 سال سے یہاں کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا گیا،ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ سے جنوری میں سیریز کے مجوزہ شیڈول میں ایک ٹیسٹ قذافی اسٹیڈیم میں بھی رکھا گیا ہے، پاکستانی ٹیم دورۂ نیوزی لینڈ کے بعد 12 جنوری کو وطن واپس آئے گی، تربیتی کیمپ کے بعد پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کوکراچی میں شروع ہوگا، دوسرے میچ کیلیے لاہور میں میدان سجے گا، تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔