سندھ ہائیکورٹ نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کا حکم معطل کر دیا
سندھ ہائیکورٹ نے عامر لیاقت کی قبر کشائی اور بعد ازاں پوست مارٹم کا جوڈیشل مجسٹریٹ کا حکم معطل کر دیا۔
اس کے ساتھ ہی سیکرٹری صحت اور میڈیکل بورڈ کو بھی اگلی سماعت کے لیےنوٹس جاری کر دیے، اگلی سماعت 29 جون کو ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ میں درخواست عامر لیاقت کے بیٹے اور بیٹی کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے 18 جون کے حکم کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطابق عامر لیاقت کی موت ذہنی دباؤ کی وجہ سے ہوئی ٓ، متوفی کے گھر والے ذہنی دباؤ کا باعث بننے والوں کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔
وکیل کے مطابق ایک نامعلوم بندہ عدالت میں گیا اور پوسٹ مارٹم کا حکم نامہ حاصل کرلیا، اُس نے کہا تھا جائیداد کا تنازعہ ہے، حالانکہ مجسٹریٹ نے دو دفعہ میت کا جائزہ لیا تھا، جبکہ پولیس نے بھی یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ عامر لیاقت کے جسم پر تشدد کے نشان نہیں تھے، پولیس نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ بھی کیا تھا۔