مہوش حیات آسکرسلیکشن کمیٹی 2020 کا حصہ بن گئیں

کراچی: اداکارہ مہوش حیات آسکرسلیکشن کمیٹی 2020 کا حصہ بن گئیں۔مہوش حیات نے انسٹاگرام پر آسکر کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بننے کی خبر شیئرکرتے ہوئے کہا کہ مجھے رواں سال دو بار آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے کے ساتھ پاکستان کی آسکرسلیکشن کمیٹی کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

مہوش حیات نے کہا میں آسکرکے لیے نامزد ہونے والی پاکستانی فلموں کو دیکھنے اور ان میں سے کسی ایک فلم کو پاکستان کی جانب سے آسکرکی نامزدگی کے لیے منتخب کرنے کا انتظارکررہی ہوں۔ کم از کم یہ ایک راستہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنے ملک کی مثبت امیج اوراپنے ملک کا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے نمایاں کرسکتے ہیں۔ انشا اللہ۔

مہوش حیات اور شرمین عبید چنائے کے علاوہ پاکستان کے معروف ڈیزائنر اور اداکار حسن شہر یار یاسین (ایچ ایس وائے) بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے بھی گزشتہ روز آسکر سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور کمیٹی کے مزید ممبران کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی میں ان تینوں کے علاوہ ڈائریکٹر اسدالحق اور موسیقار فیصل کپاڈیا شامل ہیں۔