کورونا وائرس کے باعث جیمز بونڈ کی نئی فلم ایک بار پھر التوا کا شکار

دسمبر 2019 میں چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے ’کورونا وائرس‘ کے نتیجے میں رواں سال متعدد فلموں کی ریلیز التوا کا شکار ہوچکی ہے۔

ان میں سے ایک جیمز بونڈ سیریز کی 25 ویں فلم بھی ہے جو پہلے اپریل میں ریلیز ہونی تھی مگر کورونا کے باعث اسے نومبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

مگر اب ایک بار پھر اس کی ریلیز کی  آگے بڑھا دی گئی ہے، جس کی وجہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں فلمی صنعت پر مرتب اثرات ہیں۔

اس سے قبل چند بڑی فلمیں جیسے فاسٹ اینڈ فیوریس 9، مارول کی بلیک ویڈو اور ٹاپ گن کا سیکوئل بھی اگلے سال ریلیز کرنے کا اعلان ہوچکا ہے۔

ایم جی ایم اور یونیورسل پکچرز کی جیمز بونڈ فلم نو ٹائم ٹو ڈائی اب 2 اپریل 2021 کو ریلیز ہوگی۔

فلم کے پروڈیوسرز مائیکل جی ولسن اور باربرا بروکولی نے بتایا کہ بونڈ فلم کی ریلیز کے التوا کا فیصلہ دنیا بھر میں سنیماؤں میں ناظرین کی تعداد کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔

فلم کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق ‘ہم سمجھتے ہیں کہ اس التوا سے ہمارے مداح مایوس ہوں گے مگر ہم اب نو ٹائم ٹو ڈائی کو اگلے سال ریلیز کررہے ہیں’۔