پی ٹی وی نے راشد محمود سے معافی مانگنے کے بعد اضافی پیسوں کا چیک جاری کردیا

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) انتظامیہ نے سینیئر اداکار و صداکار راشد محمود سے محض 620 روپے کا چیک جاری ہونے پر معافی مانگتے ہوئے انہیں اضافی پیسوں کا چیک دے دیا۔
وارڈ یافتہ اداکارہ نے بتایا تھا کہ ان کی جانب سے ریکارڈ کروایا گیا تھا مرثیہ چلے ہوئے دو سال ہوگئے تھے اور انہیں حال ہی میں چیک دیا گیا، جس میں ان کی فیس 275 روپے تھی جبکہ دیگر رقم انہیں ملنے والے صدارتی ایوارڈ پرائڈ آف پرفارمنس کی وجہ سے دی گئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی وی پر لوگ 15سے 25 لاکھ روپے تک ماہانہ وصول کر رہے ہیں حالانکہ ان کا شوبز سے کوئی تعلق بھی نہیں۔

انہوں نے انتہائی کم معاوضے کا چیک فراہم کیے جانے کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ احتجاجاً آئندہ پی ٹٰی وی کے لیے کام نہیں کریں گے۔

راشد محمود کی جانب سے انتہائی کم معاوضے کا چیک فراہم کیے جانے کے معاملے کو سامنے لانے کے بعد پی ٹی وی انتظامیہ نے اس کا نوٹس لیا تھا اور انتظامیہ نے اداکار سے معذرت بھی کی تھی۔

پی ٹی وی نیوز کی جانب سے 14 ستمبر کو ہی اداکار کی ایک ویڈیو جاری کی گئی، جس میں راشد محمود نے بتایا کہ انہیں 620 روپے کا چیک غلطی سے دیا گیا۔

راشد محمود کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) نے انہیں کم پیسوں کا چیک ملنے کا نوٹس لیا اور ایم ڈی نے بتایا کہ انہیں غلطی کی بنیاد پر چیک جاری کیا۔

راشد محمود نے بتایا کہ ایم ڈی پی ٹی وی نے ان سے معذرت بھی کی۔

راشد محمود کو محض 620 روپے کا چیک ملنے پر وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بھی ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ سینیئر اداکار کو غلطی کی بنیاد پر چیک جاری ہوا اور مذکورہ غلطی پر پی ٹی وی انتظامیہ نے معذرت بھی کرلی۔

پی ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے معافی مانگے جانے کے بعد انتظامیہ نے راشد محمود کو نیا اضافی پیسوں کا چیک بھی جاری کردیا۔

راشد محمود نے پی ٹی وی کی جانب سے اضافی پیسوں کا چیک ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ ان سے پی ٹی وی نے معذرت کے بعد نیا چیک بھجوادیا۔

اداکار نے پی ٹی وی کی جانب سے بھجوائے گئے نئے 9600 روپے کی چیک کی تصویر بھی شیئر کی۔

ساتھ ہی اداکار نے واضح کیا کہ وہ نیا چیک ملنے کے باوجود پی ٹی وی کے ساتھ کام نہیں کرے گے۔

اداکار کے مطابق انہوں نے پی ٹی وی کی جانب سے بھجوائے گئے دونوں چیک کیش نہیں کروائے اور انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ دونوں چیکوں کو ڈرائنگ روم میں سجا کر یادگار کے طور پر رکھیں گے۔