عمر شریف کی زندگی پر مختصر نظر

برصغیر کی تقسیم بعد پاکستان کے معاشی حب کراچی کے مشہور علاقے لیاقت آباد میں 19 اپریل 1955 کو محمد عمر نامی بچے نے جنم لیا بعدازاں وہ بچہ کامیڈی کنگ عمر شریف کے نام سے دنیا بھر میں مشہور ہوا۔

عمر شریف نے اپنی زندگی کی چودا بہاریں دیکھنے کے بعد 14 برس کی عمر میں اسٹیج ڈراموں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور کامیابی سیڑھیاں کچھ اس انداز میں چڑھنا شروع کی کہ پھر پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔

عمر شریف نے تھیٹر، اسٹیج، فلم اور ٹی وی میں اپنی جاندار اور بے مثال اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن ان کی بنیادی وجہ شہرت مزاحیہ اسٹیج ڈرامے ہیں۔

کامیڈی کنگ کا اصل نام عمر شریف تھا لیکن انہوں نے 1974 میں اسٹیج ڈراموں میں کام کا آغاز کرنے کے بعد ڈرامے میں استعمال ہونے والا نام ’عمر زریف‘ رکھا، بعدازاں عمر شریف کے نام دنیا میں اپنی پہنچا بنائی۔

اسٹیج ڈراموں کے بے تاج بادشاہ 1980ء میں پہلی بار آڈیو کیسٹ سے اپنے ڈرامے ریلیز کیے، جو پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی کافی مقبول ہوئے۔

عمر شریف کے مقبول ڈراموں میں 1989 میں ریلیز ہونے والا مشہور مزاحیہ ڈرامہ ’بکرا قسطوں پر 1، 2، 3، 4، 5، بدھا گھر پر ہے، میری بھی تو عید کرا دے، ماموں مذاق مت کرو اور دیگر شامل ہیں۔

عمر شریف نے اکتوبر 2009 میں اپنے لیٹ نائٹ ٹاک شو ’دی شریف شو‘شروع کیا اور متعدد اداکار، فنکار، گلوکار اور سیاست دانوں کے انٹرویو کیے، انہوں نے اداکاری اور میزبانی کے ساتھ ساتھ متعدد پروگراموں میں بطور جج بھی شرکت کی جس میں بھارت کا مقبول ترین پروگرام ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘ سرفہرست ہے، جہاں نوجوت سنگھ سدھو ان کے ہمراہ جج کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

کامیڈی کنگ اداکاری کی دنیا میں شہرت حاصل کرنے کے باوجود انسانیت کے جذبے سے سرشار تھے، جس کے باعث انہوں نے 2006 میں عمر شریف ویلفیئر ٹرسٹ قائم کی جس کے تحت چلنے والے اسپتال میں مریضوں کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

عمر شریف نے سن 1992 میں ’مسٹر۔420‘ میں بہترین اداکاری اور ہدایت کاری کرنے پر نیشنل ایوارڈ حاصل کیا۔

کامیڈی کنگ نے اپنی زندگی میں دس نگار ایوارڈ اپنے نام کیے اور عمر شریف واحد اداکار ہیں جنہوں نے ایک ہی سال میں چار مرتبہ نگار ایوارڈ حاصل کیا، آپ کو حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

بھارت کے مشہور مزاحیہ اداکار جونی لیور اور راجو شریواستو سے ’دی گارڈ آف ایشین کامیڈی‘ کا لقب پانے والے کامیڈی کنگ عمر شریف 2 اکتوبر 2021 میں عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث جہان فانی سے کوچ کرگئے۔