بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان بگ باس کے نئے سیزن کے لیے 350 کروڑ روپے معاوضہ لیں گے

ممبئی(حسنات بلوچ) بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان بگ باس سیزن 15کے لیے 350 کروڑ روپے معاوضہ لیں گے۔

گزشتہ 11 سیزن سے بھارتی ٹی وی کے رئیلیٹی شو بگ باس کی میزبانی کرنے والے بالی ووڈ کے سلومیاں ایک بار پھر بگ باس سیزن 15 کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔
بگ باس کا نیا سیزن اکتوبر میں پیش کیا جائے گا۔ رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ اس بار سلومیاں شو کی میزبانی کرنے کا دگنا معاوضہ لیں گے۔

سلمان خان کا میزبانی کرنے کا منفرد انداز اور بطور فلم اسٹار ان کی شہرت ہر سیزن میں بگ باس کی مقبولیت میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ اور بگ باس شو کے ہٹ ہونے کی ایک بڑی وجہ سلمان خان کو قرار دیا جاتا ہے۔
سلمان خان ہر سیزن کے ساتھ اپنے معاوضے میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں اور بھاری رقم وصول کرتے ہیں اور شو انتظامیہ بھی بخوشی ان کا مطالبہ پورا کرتی ہے۔