نوربخاری نے بھارتیوں کو سورۃ رحمٰن سننے کا مشورہ دے دیا

سابقہ اداکارہ نور بخاری نے بھارتیوں کو کورونا کے علاج کے لیے سورۃ رحمٰن سننے کا مشورہ دے دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بھارتیوں کے نام پیغام دیا۔ اداکارہ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ہماری دعائیں بھارت کے لیے ہیں، اللہ بھارت پر رحم کرے، میری انڈیا سے تعلق رکھنے والے اپنے تمام فینز اور مداحوں سے گزارش ہے کہ برائے مہربانی کورونا کے علاج کے طور پر قاری عبدالباسط کی آواز میں دن میں 3 مرتبہ سورۃ الرحمٰن کی تلاوت سنیں۔

یہ بھی پڑھیں ماں قسم، میں نے شادی کی لیکن نہیں پتا آگے کیا ہو گا: راکھی ساونت

اداکارہ نے مزید لکھا کہ اگر کوئی کورونا میں مبتلا ہے تو اس کے پاس یہ سورۃ رکھ دیں ، گھر میں رہیں اور محفوظ رہیں ۔ خیال رہے کہ پڑوسی ملک بھارت میں کورونا کی صورتحال ابتر ہوگئی ہے اور آکسیجن کی کمی کی وجہ سے لوگوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی فنکاروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد بھی بھارتیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے لیے دعاگو ہے ۔

دوسری جانب بھارت میں آج بھی کورونا کے مزید3لاکھ 50 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ مزید 2 ہزار 760 افراد جان سے چلے گئے ہیں۔