بھارت میں کورونا کی ابتر صورتحال پر کنگنا پاکستانیوں کی ہمدردی کی معترف

بھارت کی کورونا کے باعث صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے بھارت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بھارت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 68 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار کے قریب افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

گزشتہ روز ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارت کو 50 ایمبولنس اور رضاکار بھجوانے کی پیشکش کی تھی جبکہ آج وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت پاکستان بھر سے بھارتی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پاکستان میں ہیش ٹیگ PakistanStandWithIndia# ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے اور عوام کی جانب سے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر سے کورونا کے جلد مکمل خاتمے کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔ اس ساری صورتحال پر بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت بھی خاموش نہ رہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

کنگنا رناوت نے ٹوئٹر پر 52000 سے زائد ٹوئٹس کے ساتھ موجود ٹاپ ٹرینڈ پر لکھا کہ پاکستانیوں کی جانب سے PakistanStandWithIndia# کو ٹاپ پر دیکھ پر بہت اچھا لگا۔