عثمان مختار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے

اداکار عثمان مختار اپنی دوست زنیرہ انعام خان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر عثمان مختار نےاپنی اور اہلیہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی شادی کی اطلاع دی۔

عثمان مختار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ زنیرہ انعام خان تمہارا شکریہ، کہ تم نے مجھے زمین کا سب سے خوش قسمت شخص بنادیا مجھے ایک طویل عرصے کے دوران ایسی خوشی محسوس نہیں ہوئی، تم برے وقت میں میرے ساتھ کھڑی رہیں اورخوشی کے لمحوں کو بڑھایا۔

یہ بھی پڑھیں میرا سیٹھی نعمان اعجاز کو پسند کیوں نہیں کرتیں؟

اداکار نے لکھا کہ تم میرے لیے چٹان اور سہارا بنی رہیں، میں ایک خوش قسمت انسان ہوں۔
عثمان مختار نے اپنی پوسٹ میں دنیا بھر کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ڈیئر ورلڈ، میں نے آج چھوٹی سی تقریب میں سماجی فاصلوں کو برقرار رکھتے ہوئے شادی کی، ہماری شادی کی تقریب کا انعقاد 2 اپریل کو کیا گیا تھا لیکن یکم اپریل سے لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کے باعث ہمیں شادی کی تقریب کا انعقاد پہلے ہی کرنا پڑا۔

اداکار نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ہم سب سے ٹیسٹ کروالیا تھا اور تمام احتیاطی تدابیر کو فولو کیا، ہمیں آپ کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب جہاں مداحوں کی جانب سے عثمان مختار کی پوسٹ پر شادی کی مبارکباد کے ساتھ ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے وہیں اداکار کی اہلیہ کو اداکارہ کبریٰ کا ہمشکل تسلیم کیا جارہا ہے۔ خیال رہے کہ کورونا وبا کی آمد کے بعد سے شوبز کی متعدد شخصیات خاموشی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں۔