تین لڑکیوں کے انکار کے بعد ایک لڑکی نے پسند کیا: عامر خان

بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا کہنا ہے کہ محبت کے معاملے میں انہیں ماضی میں 3 لڑکیوں کی جانب سے مسترد کیا جاچکا ہے۔ عامر خان کی کرن راؤ سے شادی کو 15 سال سے زائد کاعرصہ گزرچکا ہے تاہم ماضی میں ایک ایسا وقت بھی گزرچکا ہے جب عامر خان محبت کے معاملے میں خود کو خاصا بدقسمت تصور کرچکے ہیں ۔

عامر خان نے اپنی پہلی محبت سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں جب پہلی بار محبت ہوئی اس وقت ان کی عمر 10 سے 11 سال تھی، یہ محبت خاموش اور یکطرفہ تھی، وہ اس لڑکی سے محبت کیا کرتے تھے لیکن شرمیلے ہونے کے باعث ملاقات میں بھی اس سے اپنے جذبات کا اظہار نہ کرسکے۔

یہ بھی پڑھیں عاطف اسلم کی زندگی کا بدترین لمحہ کون سا تھا؟

عامر خان نےکہا کہ مجھے محبت کے معاملے میں 3 لڑکیوں کی جانب سے مسترد کیا جاچکا تھا، تیسری بار مسترد کیے جانے کے بعد مجھے محسوس ہوتا تھا کہ محبت میرے لیے نہیں لیکن پھر مجھے بھی ایک ایسی لڑکی ملی جس نے مجھے پسند کیا۔

خیال رہے کہ عامر خان کی پہلی شادی ان کی پڑوسی رینا دتہ سے ہوئی تھی جس سے ان کے دوبچے جنید اور ایرا بھی ہیں تاہم شادی کے 16 سال بعد عامر اور رینا کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔ بعد ازاں عامر نے کرن راؤ سے 2005 میں شادی کی جن سے ان کا ایک بیٹا آزاد بھی ہے۔