فلم کی کہانی چوری کرنے پر کنگنا کیخلاف مقدمہ درج

اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہنے والی بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت اور فلم منیکا رنیکا ریٹرنز سے جُڑے لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ بھارتی مصنف آشیش کول نے دعویٰ کیا ہے کہ صرف ان کے پاس ہی دی ورئیر کوئن کی سوانح حیات کی واحد کاپی رائٹ ہے اور کنگنا نے ان کی کہانی چوری کی ہے۔

کنگنا رناوت نے اپنی 2019 کی تاریخی فلم منیکا رنیکا: جھانسی کی رانی کا فالو اپ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ دائر درخواست میں اداکارہ کنگنا رناوت کی بہن اور مینیجر رنگولی چنڈیل اور پروڈیوسر کمال جین کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ مصنف آشیش کول کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ آج میں وائٹ کالر کرائم کے خلاف اپنی زندگی کا ایک نیا سفر شروع کر رہا ہوں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اداکارہ کنگنا کی فلم منیکا رنیکا اس وقت تنازع کا شکار ہوئی تھی جب ہدایت کار کرش نے الزام عائد کیا تھا کہ کنگنا نے شریک ہدایت کارہ کا کریڈٹ لیا تھا جب کہ کرش کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے آدھی سے زیادہ فلم کی ہدایت دی تھی۔