سوشل میڈیا پر میرے ماضی کی ویڈیوز بنائی جارہی ہیں: ثناء خان کا انکشاف

گزشتہ برس اسلام کی خاطر شوبز کو خیرآباد کہنے والی بالی وڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے انکشاف کیا ہےکہ ان کے ماضی کو اجاگر کرنے کے لیے مسلسل ان کے خلاف ویڈیوز بنائی جارہی ہیں جس سے وہ خاصی دلبرداشتہ ہیں ۔ ثناء خان کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں انہوں نےبتایا کہ کچھ لوگ کئی عرصے سے میرے خلاف منفی ویڈیوز بنا رہے ہیں لیکن میں برداشت کررہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے میرے ماضی کو اجاگر کرنے کے لیے ایک ویڈیو بنائی ہے اور اس کے بارے میں بالکل فضول گفتگو کی جارہی ہے۔

ثناء خان کا کہنا تھا کہ کیا آپ کو نہیں معلوم کہ جب ایک شخص نے توبہ کرلی ہو تو اسے اس بارے میں احساس دلانا گناہ ہے ، میں ابھی بہت دلبرداشتہ ہوں۔ ثناء خان نے اپنی پوسٹ میں مزیدلکھا میں اس شخص کا نام نہیں لینا چاہتی کیونکہ میں اس کے ساتھ وہ نہیں کرنا چاہتی جو اس نے میرے ساتھ کیا لیکن یہ بہت بری بات ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ اگر آپ کسی کی مدد نہیں کرسکتے ہیں تو خاموش رہیں، کسی کو بھی اس طرح کے بے رحمانہ اور سخت تبصرے کے ذریعے ڈپریشن میں نہ ڈالیں کہ وہ شخص ایک بار پھر اپنے ماضی کو لے کر شرمندگی محسوس کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات آپ توبہ کرتے ہیں لیکن مجھ جیسے کئی لوگ ہیں جو کبھی کبھی یہ سوچتے ہیں کہ کاش میں وقت میں واپس جاؤں اور کچھ چیزیں تبدیل کر سکوں، براہ کرم اچھا بنیں اور لوگوں کو وقت کے ساتھ بدلنے دیں۔