‘امیتابھ کے بعد سب سے زیادہ کاپی کی جانے والی سپر اسٹار ہوں’

بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنوں ایک بار پھر اداکارہ کنگنا رناوت کی جانب سے تنقید کا شکار ہوگئیں، یہی نہیں کنگنارناوت نے امیتابھ بچن کے بعد خود کو سب سے زیادہ کاپی کی جانے والی سپر اسٹار اداکارہ بھی قرار دے دیا ۔ اداکارہ کنگنارناوت نے تاپسی پنوں کے تازہ ترین فوٹو شوٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تاپسی پنوں نے خود کو میری کاپی کے لیے وقف کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک مداح کی جانب سے تاپسی پنوں کی شیئر کی گئی حالیہ میگزین فوٹو شوٹ پر تبصرہ کیا گیا جس پر کنگنا رناوت نے لکھا کہ میں اس کی تعریف کرتی ہوں ،وہ ایک سچی پرستار ہے اس نے خود کو مطالعے کے لیے وقف کیا اورمجھے سوچ کے مقام پر کاپی کیا اس کے باوجود یہ متاثر کن ہے .کسی اور سپر اسٹار خاتون نے پاپ کلچر پر اس طرح قبضہ نہیں کیا جس طرح میں نے کیا، میں امیتابھ کے بعد سب سے زیادہ کاپی کی جانے والی سپر اسٹار ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کنگنا رناوت کی بہن رنگولی چینڈل بھی اداکارہ تاپسی پنوں کو کنگنا رناوت کی سستی کاپی قراردے چکی ہیں تاہم تاپسی پنوں نے اس بیان پر کسی بھی قسم کا ردعمل ظاہر کرنے کے بجائے کہا تھا کہ میرے پاس ان چیزوں پر بات کرنے کے لیے وقت نہیں ہے۔