ریا چکرابورتی کی نئی تصاویر پر تنازع، فوری ڈیلیٹ کردی گئیں

بالی وڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی سابقہ گرل فرینڈ ریا چکرابورتی کی نئی تصاویر پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔گزشتہ دنوں ریا نے ایک سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی جہاں بھارتی ٹی وی شو کے سابق میزبان راجیو لکشمن بھی موجود تھے۔اس تقریب میں شرکت کے دوران ریا سے گلے ملنے کی تصاویر راجیو نے اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کیں اور اس کے ساتھ ’مائی گرل‘ کیپشن ڈالا۔

ریا کے ساتھ ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد راجیو نے ریا کے ساتھ تصاویر اپنے اکاؤنٹ سے ہٹا دیں جبکہ راجیو کی اہلیہ نے بھی گروپ فوٹو ہٹا دیا۔بعد ازاں راجیو نے ایک اور پوسٹ کی اور لکھا کہ ایک غیرذمہ دارانہ لفظ کی وجہ سے پریشانی بڑھ گئی ہے تاہم ریا میری پرانی اور اچھی دوست ہے جن سے دوبارہ مل کر خوشی ہوئی۔

واضح رہے کہ اس پارٹی میں بالی وڈ کی نامور شخصیات بھی شریک تھیں جن میں اداکار فرحان اختر بھی شامل ہیں۔خیال رہے کہ ریا چکرابورتی کو منشیات کیس میں گرفتار بھی ہوئی تھیں اور وہ سشانت کی خودکشی کیس میں نامزد ملزمہ بھی ہیں۔