اداکار نوید رضا نے جاوید شیخ سے نامناسب مذاق کرنے پر تابش ہاشمی کو کھری کھری سنا دی

اداکار نوید رضا نے مقبول ترین ویب شو ‘ٹو بی اونیسٹ’ کے میزبان تابش ہاشمی پر سخت تنقید کی ہے۔
حال ہی میں ویب شو ‘ٹو بی اونیسٹ’ پر سینئر اداکار جاوید شیخ کو مدعو کیا گیا جو کہ 17 دسمبر کو نشر کیا جائے گا لیکن سوشل میڈیا پر ناشپاتی پرائم کی جانب سے اس شو کے ٹیزرز شیئر کیے ہیں۔

اس شو کے ایک ٹیزر کو دیکھنے کے بعد اداکار نوید رضا نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نوید رضا نے کہا کہ ‘یہ انتہائی مایوس کن اور بے عزتی ہے، مجھے یہ بالکل بھی مزاحیہ نہیں لگا، جاوید شیخ ان کے نامناسب مذاق کو نظر انداز کر رہے تھے اور اس کے باوجود بھی وہ اس کو بات کو مزید طول دے رہے تھے’۔ نوید رضا نے کہا کہ جاوید صاحب جیسی شخصیت قابل احترام ہے، انہیں سستی شہرت کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

اداکار نے پروگرام کے میزبان تابش ہاشمی سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے اس طرح کے مواد کو باعث شرم قرار دیا۔
دوسری جانب ناشپاتی پرائم کا اداکار نوید رضا کی تنقید پر ردِ عمل بھی سامنے آیا ہے۔ ناشپاتی پرائم نے اپنے فیس بک پیج پر اداکار نوید رضا کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ اچھی کوشش، اگلی باری کے لیے بھی نیک تمنائیں، ساتھ ہی انہوں نے ہیش ٹیگ تابش از لو کا بھی استعمال کیا۔