پی ایس ایل5؛ کراچی کنگزکی جیت پر فنکاروں کی مبارکباد

کراچی: پاکستان سپرلیگ کے پانچویں سیزن کے بڑے معرکے میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز کو شکست دے کر پہلی بار پی ایس ایل کا چیمپئن بنا ہے۔ اس موقع پرفنکاروں نے کراچی کنگزکی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد کے پیغامات شیئر کیے ہیں۔

ہمایوں سعید، اعجاز اسلم اور عدنان صدیقی کراچی کنگز کے سپورٹرز ہیں اور اپنی ٹیم کی جیت پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کراچی نے بہت اچھا کھیلا، یہ ہونا ہی تھا ہمیں جیتنا ہی تھا، کنگ کنگ ہوتا ہے ہم جیت گئے۔ ان تینوں نے کراچی کنگز کی جیت پر تمام لوگوں کو مبارکباد دی۔گلوکار عاصم اظہر بھی کراچی کنگز کے سپورٹر ہیں۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اُس لمحے کی ایک ویڈیو شیئر کی جس وقت کراچی کنگز پی ایس ایل 5 کا فائنل جیت گیا تھا اور اس جیت پر وہ اپنے دوستوں کے ساتھ جیت کا جشن مناتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

گلوکار و اداکار علی ظفر نے اس موقع پر پہلے تو فائنل میں پہنچنے پرلاہور قلندرز کی تعریف کی اور پھر کراچی کنگز کو جیت کی مبارکباد دی۔ ایک اور ٹوئٹ میں علی ظفر نے لکھا کہ لاہوریو! بھائی بھی لاہورسے ہے لیکن پیش گوئی، پیش گوئی ہوتی ہے۔ اس میں جذبات کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔ پچھلے 4 سیزن کی بھی چیک کرلو۔ آخر میں ہم سب پاکستانی ہیں۔ زندگی کو انجوائے کرو۔مہوش حیات بھی اس موقع پر پیچھے نہیں رہیں انہوں نے کہا کتنا سنسنی خیز فائنل تھا۔ یہ جیت کراچی کنگز کی تھی اور کراچی کنگز کی یہ جیت مرحوم کوچ ڈین جونز کو قابل فخر خراج تحسین ہے۔ وہ اگر زندہ ہوتے تو آج بہت فخر محسوس کرتے۔