جمائما نے ’’دی کراؤن‘‘ کے چوتھے سیزن کو سب سے بہترین قرار دیدیا

لندن: اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ پر معروف اور متنازع ویب سیریز ’دی کراؤن‘ کا چوتھے سیزن ریلیز کردیا گیا۔’دی کراؤن 4‘ چار سال قبل شروع ہونے والی سیریز کا چوتھا حصہ ہے، جسے 15 نومبر کو ریلیز کیا گیا۔ اس ڈرامے میں ڈیانا کا کردار 24 سالہ اداکارہ ایماکورن نبھارہی ہیں جن کو زیادہ لوگ نہیں جانتے۔
حالیہ سیزن بہت زیادہ دلچسپ ہے جس میں نہ صرف شہزادی ڈیانا اور ان کے شوہر چارلس کی شادی اور رومانس کو دکھایا گیا ہے بلکہ ٹریلر میں برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔اب لیڈی ڈیانا کی دوست اور وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس سیزن کو سراہا ہے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ میری نظر میں دی کراؤن کا سیزن 4 اب تک کا سب سے بہترین ہے۔جمائما نے کہا کہ ایما کورن ڈیانا کا جادو دکھارہی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ شہزادی ڈیانا کے ساتھ دوبارہ محبت میں مبتلا ہونے کو تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ سیزن آج آیا ہے اور میری سبسکرپشن کی ڈیڈلائن بھی لیکن یہ مجھے 5 اقساط دیکھنے سے نہیں روک سکی۔

’دی کراؤن‘ کو ابتدائی طور پر نومبر 2016 میں جاری کیا گیا تھا اور اس سیریز کے پہلے سیزن میں 1947 سے 1955 کا شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا۔’دی کراؤن‘ سیریز کی مرکزی کہانی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی زندگی پر مبنی ہے اور سیریز کا آغاز ہی ان کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالنے سے ہوتا ہے۔’دی کراؤن‘ کا دوسرا سیزن 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کہانی 1956 سے 1964 کے عرصے کے دوران گھومتی ہے۔