اداکاری کے بعد یاسر حسین کا ہدایت کاری میں ڈیبیو

کامیڈین و اداکار یاسر حسین نے اداکاری میں قدم رکھنے کے بعد اب ہدایت کاری کے میدان میں بھی قسمت آزمائی ہے۔یاسر حسین یوں تو گزشتہ دنوں پاکستان میں ترک ڈرامے ارطغرل کو نشر کرنے اور ترک اداکاروں کو برانڈ ایمبیسڈرز بنانے پر تنقید کرنے پر خبروں کا حصہ بنے تھے اور انہیں خود بھی اپنے بیانات پر تنقید کا سامنا رہا۔لیکن اب انہوں نے ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھ کر سب کو حیران کردیا ہے۔

ہدایت کاری کے میدان میں ڈیبیو کا اعلان یاسر حسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرگ ایپ انسٹاگرم اکاؤنٹ پر گانے کی ویڈیو شیئر کرکے کیا۔اپنی پوسٹ میں یاسر حسین نے بتایا کہ ہدایت کاری کے میدان میں انہوں نے اپنا ڈیبیو ایک گانے ‘ڈوری’ سے کیا ہے۔یہ گانا گلوکار حارث جلال نے گایا ہے، جسے خواجہ جواد نے پروڈیوس کیا ہے اور اس کے بول خرم آفاق نے ترتیب دیے ہیں۔یاسر حسین کی ہدایت کاری میں بنائے گئے گانے ‘ڈوری’ کو ایم جے پروڈکشنز کے بینر تلے ریلیز کیا گیا ہے۔

گانے کو یوٹیوب پر یاسر حسین کی اہلیہ اور اداکارہ اقرا عزیز کے اکاؤنٹ پر بھی ریلیز کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ 2 روز قبل یاسر حسین نے انسٹا پوسٹ میں ڈوری کا پوسٹر شیئر کیا تھا اور بتایا تھا کہ ان کا گانا 14 نومبر کو ریلیز ہوگا۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ کل (14 نومبر کی) شام 7 بجے حارث جلال کے خوبصورت گانے کی ویڈیو ملاحظہ فرمائیں جس کی ہدایات میں نے دی ہیں۔علاوہ ازیں یاسر حسین کی اہلیہ اقرا عزیز نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گانے کی ویڈیو شیئر کی۔خیال رہے کہ یاسر حسین سے قبل اداکارہ صبا قمر نے بھی گانے کی ہدایات کے ذریعے ہدایت کاری کے میدان میں قسمت آزمائی تھی تاہم ان کے گانے ‘قبول ہے’ کو مسجد میں شوٹنگ پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔