میری زندگی میں نئے زخم نے انٹری دی ہے جسے شکست دیدوں گا، سنجے دت

ممبئی: مضبوط اعصاب والے سنجو بابا نے کینسر کی تشخیص کے بعد پہلی مرتبہ اپنی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی فلموں کی تکمیل کا عزم لیے کافی پُر اعتماد نظر آ رہے ہیں۔تنازعات سے بھرے کیریئر کے اتار چڑھاؤ کے باوجود بالی ووڈ کے فلم بینوں کی دل کی جان سنجو بابا میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ علاج کے غرض سے امریکا بھی گئے تھے اور میموریال سلون کیتھرنگ کینسر سینٹر میں معائنہ بھی کرایا تھا۔معروف اداکار نے کہا کہ میری زندگی میں نئے زخم نے ’’انٹری‘‘ لی ہے لیکن میں اسے بھی شکست دیدوں گا۔ اپنی نئی فلم کے جی ایف-2 کی شوٹنگ کے لیے تیاری کرلی ہے۔ ہیئر کٹنگ ہوگئی ہے اور شیو بڑھا رہا ہوں۔

سنجو بابا نے مزید بتایا کہ وہ اس فلم میں ولین ادھیرا کا کردار ادا کر رہے ہیں اور امید ہے یہ فلم مداحوں کو پسند آئے گی۔ اس وقت کے جی ایف چیپٹر 2 کے علاوہ سنجے دت کے پاس ’بھج: دی پرائڈ آف انڈیا‘، ٹورباز، شمشیرا اور پرتھوی راج جیسی فلمیں موجود ہیں۔واضح رہے کہ اگست کے ماہ میں امریکا روانگی اور طبی معائنے کے باوجود اداکار کے اہل خانہ نے بیماری کی نوعیت سے متعلق کچھ نہیں بتایا تھا تاہم اب پہلی مرتبہ سنجے دت نے ویڈیو پیغام میں کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔