ایپل کے آئی فون 12 کی تاریخ رونمائی سامنے آگئی

ایپل نے گزشتہ ماہ نئی اسمارٹ واچز اور آئی پیڈز متعارف کرائے اور اب نئے آئی فونز کے لیے مداحوں کا انتظار ختم ہورہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے آئی فون 12 سیریز کے فونز کی تاریخ رونمائی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے ایک ایونٹ کے دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں جو 13 اکتوبر کو منعقد ہوگا جس کی ٹیگ لائن ‘ہائی اسپیڈ’ رکھی گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے ان ڈیوائسز کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا مگر مختلف رپورٹس میں عندیہ دیا گیا ہے کہ ایپل کی جانب سے پہلی بار ایک ساتھ 4 نئے آئی فونز پیش کیے جائیں گے۔

تحریر جاری ہے‎

ان میں آئی فون 12 منی، آئی فون 12، آئی فون 12 پرو اور آئی فون 12 پرو میکس شامل ہوں گے۔

اور ہر آئی فون دوسرے سے کسی حد تک مختلف ہوگا۔

ان میں سے ایک آئی فون منی 5.4 ان ڈسپلے کے ساتھ ہوگا جبکہ آئی فون 12 اور آئی فون 12 پرو میں 6.1 انچ اور آئی فون پرو میکس میں 6.7 انچ اسکرین موجود ہوگی۔

اس طرح یہ ڈسپلے کے لحاظ سے ایپل کا اب تک کا سب سے بڑا آئی فون بھی ہوگا۔

ان میں کمپنی کا نیا اے 14 بائیونک پراسیسر ہوگا جبکہ آئی او ایس 14 آپریٹنگ سٹم دیا جائے گا۔

اس سال پہلی بار ایپل کی جانب سے ایک یا 2 آئی فونز میں 5 جی سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی جس کا عندیہ ٹیگ لائن سے بھی ملتا ہے۔

گزشتہ ہفتے ایک لیک میں اس سیریز کے فونز کی قیمتیں بھی سامنے آگئی تھیں۔

آئی فون 12 منی میں 5.4 انچ اسکرین ہوگی جس کا 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 649 ڈالرز (ایک لاکھ 6 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 128 جی بی والا ورژن 699 ڈالرز (ایک لاکھ 15 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 256 جی بی والا فون 799 ڈالرز (ایک لاکھ 31 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

آئی فون 12 اور 12 پرو دونوں کا ڈپسلے ایک جیسا ہوگا تاہم قیمتوں میں نمایاں فرق ہے۔

آئی فون کا 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 749 ڈالرز (ایک لاکھ 23 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 128 جی بی والا ورژن 799 ڈالرز (ایک لاکھ 31 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 256 جی بی والا فون 899 ڈالرز (ایک لاکھ 47 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

آئی فون 12 پرو کا 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 999 ڈالرز (ایک لاکھ 64 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 256 جی بی والا ماڈل 1099 ڈالرز (ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 512 جی بی اسٹوریج والا فون 1299 ڈالرز (2 لاکھ 12 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوگا۔

آئی فون 12 پرو میکس کا 128 جی بی اسٹوریج والا فون 1099 ڈالرز (ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 1199 ڈالرز (ایک لاکھ 97 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 512 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1399 ڈالرز (2 لاکھ 30 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

چھ لیکس کے مطابق ریگولر ماڈلز میں المونیم باڈی استعمال کی جائے گی جبکہ پرو ماڈلز اسٹین لیس اسٹیل سے لیس ہوں گے۔

اسی طرح آئی فون 12 میں بیک پر الٹرا وائیڈ اور وائیڈ اینگل کیمرے ہوں گے جبکہ پرو فونز میں ٹیلی فوٹو لینس کے ساتھ تیسرا کیمرا بھی ہوگا جبکہ ایسی افواہیں بھی ہیں کہ مہنگے آئی فونز میں آئی پیڈ پرو میں دیا گیا لائی ڈار سنسر دیا جاسکتا ہے جو اے آر اور فوٹوگرافک ایفیکٹس میں مدد فراہم کرتا ہے۔

خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے عام طور پر نئے آئی فونز ستمبر کے وسط میں متعارف کرائے جاتے ہیں مگر رواں سال کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے وہ تاخیر کا شکار ہوچکے ہیں۔