انگلش براڈکاسٹر نے انسٹاگرام پر اداکارہ جینیفر اینسٹن کا ریکارڈ توڑ دیا

انگلش براڈکاسٹر اور بین الاقوامی ماہر برائے جنگلی حیات و ماحولیات سر ڈیوڈ ایٹنبرو نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر سب سے کم وقت میں 10 لاکھ فالوورز کا اداکارہ جینفر اینسٹن کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

گینز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق 24 ستمبر کو صرف 4 گھنٹے 44 منٹس میں سر ڈیوڈ ایٹنبرو کے انسٹا فالوورز کی تعداد 10لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔

سر ڈیوڈ ایٹنبرو نے اپنی پہلی پوسٹ میں ایک منٹ 13 سیکنڈ پر مبنی ایک ویڈیو جاری کی اور ساتھ ہی ایک طویل کیپشن لکھا۔

انہوں نے لکھا ہمارے سیارے کو بچانا اب ایک مواصلاتی چیلنج ہے۔

تحریر جاری ہے‎

اپنی پہلی ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ میں یہ اقدام اٹھارہا ہوں اور مواصلات کے اس نئے ذریعے کا جائزہ لے رہا ہوں کیونکہ ہم سب جانتے ہیں کہ دنیا خطرے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ براعظموں میں آگ لگی ہوئی ہے، گلیشیئرز پگھل رہے ہیں، کورل ریفس مررہے ہیں، ہمارے سمندروں سے مچھلیاں غائب ہو رہی ہیں، یہ فہرست بڑھرتی جارہی ہے ہمارے سیارے کو بچانا اب مواصلاتی چیلنج ہے۔

ان سے قبل یہ اعزاز امریکی شو فرینڈز کی اداکارہ جینیفر ایسٹن کے پاس تھا، انہیں صرف 5 گھنٹے اور 16 منٹس میں 10 لاکھ افراد نے فالو کیا تھا۔

جینیفر ایسٹن سے قبل انسٹاگرام پر کم وقت میں سب سے زیادہ فالوورز کا ریکارڈ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس، شہزاد ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے پاس تھا۔

ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کو اپریل 2019 میں 5 گھنٹے اور 45 منٹس میں 10 لاکھ افراد نے فالو کیا تھا۔

سر ڈیوڈ ایٹنبرو کے فالوورز کی تعداد پہلی پوسٹ کے 24 گھنٹوں کے اندر 25 لاکھ ہوگئی تھی تاہم انسٹاگرام پر سب سے زیادہ 23 کروڑ 80 لاکھ فالوورز فٹ بالر کرسٹیانو رونلڈو کے ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کے فلمساز، جونی ہیوز اور کولن بٹ فیلڈ کے مطابق سر ڈیوڈ ایٹنبرو سوشل میڈیا پر زیادہ وقت نہیں گزارتے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ سر ڈیوڈ ایٹنبرو نے انسٹاگرام کے لیے پہلی پوسٹ جیسے مختلف پیغامات ریکارڈ کیے ہیں لیکن اکاؤنٹ کو چلانے میں ہم ان کی مدد کررہے ہیں۔